اسلام آباد (ملک سعیداعوان) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہاہے کہ مولانافضل الرحمن کے مطالبے کی کوئی وجہ نہیں، دنیامیں بھی احتجاج کے نام پر مستقل ٹھکانہ بنانے کا تصور موجود نہیں، احتجاج عوامی معاملات پر ہوتے ہیں۔ جمعہ کو روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا آزادی مارچ میں مولانافضل الرحمن جس چیز کو آگے لے کر چلے ہیں اس کی گہرائی میں کوئی وجہ نہیں ہے ،موجودہ حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، 2014 جیسے حالات نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ کشیدگی چل رہی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں 90دن سے کرفیو لگا ہے ،ایف اے ٹی ایف کا معاملہ بھی ہے ، امید ہے مولانا صاحب سمجھ جائیں گے ۔ انہوںنے کہا احتجا ج ضرور کریں مگر عوامی معاملات پر احتجاج کرنا چاہیے ، دنیا میں ہر جگہ احتجاج ہوتے ہیں جو عوام کے بنیادی مسائل پر ہوتے ہیں جیسے لندن میں احتجاج کیا گیا جو ماحولیات سے متعلق تھا۔ سی پیک سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا ماضی میں بلوچستان پر توجہ نہیں دی گئی ، گڈانی اور گوادر کے دو منصوبے سی پیک کے تحت ہیں ، سی پیک کا معاملہ تو اب حل ہو گیا ہے ،اب کوشش کر رہے ہیں بزنس ٹو بزنس چیزوں کو لے کر آگے چلیں ۔