اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)افغان اعلیٰ سطحی مفاہمتی کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر عبد اﷲ عبد اﷲ کا تین روزرہ پاکستان پہنچنے پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے افغان رہنما سے ملاقات میں کہاکہ افغان امن عمل میں شرپسندوں پر نظر رکھنا ہوگی۔فغانستان کی اعلی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی محمد صادق، افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمدخان اور وزارت خارجہ کی افغانستان ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل آصف میمن نے وفد کا استقبال کیا۔آمدکے بعد بطور چیئر مین اپنے پہلے دورے میں ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں افغان امن عمل کے حوالے سے جاری کاوشوں کے دوران ان شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو اس خطے میں امن و استحکام کا خواب شرمندہ ء تعبیر ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے ۔ پاکستان افغانوں کی سربراہی میں، افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے پر امن اور دیرپا سیاسی حل کا حامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔چیئر مین افغان مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع سے کہتا چلا آیا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ،پاکستان خلوص نیت سے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا ۔ علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے بہت سے منصوبے ہیں جس میں کاسا1000،تاپی گیس پائپ لائن شامل ہیں لیکن یہ منصوبے اسی صورت میں آگے بڑھ پائیں گے اگر افغانستان میں امن ہو گا۔ دریں اثنا افغان ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکراسد قیصر نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے ۔سپیکر نے کہا کہ خاص طور پر پاکستانیوں کے لئے ورک ویزوں کے لئے ویزا میں نرمی کی جائے اور افغانستان میں قید پاکستانیوں تک کونسلر رسائی دی جائے ۔رہنمائوں نے معاملات کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ ڈاکٹرعبداللہ عبد اللہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس طرح کی تمام سہولیات سے دونوں ممالک کی معیشت کو فروغ مل سکے گا۔ افغان رہنما آج پالیسی سازوں کے اجلاس سے خطاب، چیئرمین صادق سنجرانی ، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے ،ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات اور میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کریں گے ۔