لاہور،اسلام آباد ،کراچی ،پشاور ،کوئٹہ (رپورٹنگ ٹیم ،نمائندگان )وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا،حکومت ،اپوزیشن ،قوم ایک ہوگئی اور فلسطینیوں سے بھرپور ااظہار یکجہتی کیا ، تحریک انصاف ، ن لیگ ،جماعت اسلامی ،مجلس وحدت مسلمین اور دیگر جماعتوں نے شہر شہر ریلیاں نکا لیں اور احتجاجی مظاہرے کئے ،اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے گئے ، اسرائیل ،امریکہ کیخلاف کیخلاف زبردست نعرے بازی کی گئی ، فلسطین کی آزادی کا مطالبہ کیا گیا ،قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ارکان اسمبلی کیساتھ قومی اسمبلی میں فلسطین سے متعلق منظور قرار داد اقوام متحدہ کے دفتر میں جمع کرادی ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی مظالم کیخلاف پورا ملک ایک ہو گیا ،ملک بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں ارکان پارلیمان نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک کی ، واک میں اراکین پارلیمنٹ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سپیکر اسد قیصر اور اراکین پارلیمنٹ نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اسد قیصر نے کہاکہ اس وقت پارلیمنٹ پوری قوم کی آواز بن چکی ہے ، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک پاکستان اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا ۔ لال حویلی میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا عالمی برادری اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے ،آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے ،پوری دنیا کے مسلمان نہتے فلسطینیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔شہباز شریف کی قیادت میں اراکین اسمبلی اقوام متحدہ کے دفتر پہنچے ، اس موقع پر پرویز اشرف، مولانا اسد اور دیگر پارلیمانی قائدین بھی ہمراہ تھے ۔شہباز شریف نے فلسطین سے متعلق قرارداد اقوام متحدہ کے نمائندے کے حوالے کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر میں کئی دہائیوں سے خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں،مسائل حل نہ ہوئے تو دنیا میں کبھی امن نہیں آئے گا،سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اورکشمیر کا مسئلہ حل کیا جائے ۔لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ پاکستان سمیت مسلم امہ کی کاوشوں سے اسرائیل فلسطین جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے ،اسرائیل دہشتگردی کی انسانی تاریخ کا سب سے بڑا غنڈہ اور دہشتگرد ملک بن کرابھراہے ۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ سے منسلک ملک بھر کے مدارس اور مساجد میں مظاہرے کیے گئے ۔ مرکزی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے سامنے علامہ ڈاکٹرراغب نعیمی کی قیادت میں کیاگیا ، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں،عالمی برادری اسکا مکمل بائیکاٹ کرے ۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے زیر اہتمام اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مذمتی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کی ،پریس کلب لاہور کے باہر آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد نے کی۔ لیہ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیا سی معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ حکومت اور عوام فلسطینیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔ تاجر برادری کی جانب سے مختلف مارکیٹوں کے باہر احتجاج کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں، اس موقع پر متعدد مارکیٹوں کو ایک گھنٹہ کے لئے بند بھی رکھا گیا ،سب سے بڑا احتجاج ہال روڈ مارکیٹ کے صدر بابر محمود کی جانب سے ریگل چوک میں ہوا جہاں پر ہال روڈ مارکیٹ کو بند کر کے تاجروں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا ، دوسرابڑا احتجاج اور ریلی لبرٹی مارکیٹ تاجروں کی جانب سے کیا گیا ، شاہ عالم مارکیٹ ، مال روڈ ،شاد باغ ،برامڈرتھ روڈ سمیت لاہور کی تمام بڑی مارکیٹوں کے باہر تاجر تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ۔لاہور پریس کلب کے باہر سینیٹر اعجازاحمدچودھری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جماعت اسلامی غربی لاہور منصورہ ملتان روڈ اور ریلوے پریم یونین سی بی اے ڈی سی آفس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلی نکالی گئی ۔ احتجاجی مظاہرے میں امیر العظیم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، عبدالعزیز عابد و دیگر موجود تھے ، بعد ازں جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام شمالی، شرقی، وسطی،جنوبی اورغربی لاہور میں 10 سے زائد اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ، مو لا نا فضل الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر میں جے یو آئی نے ریلیاں نکالیں ۔لاہور میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت مو لا نا محمد امجد خان اور دیگر نے کی ، جمعیت علمائپاکستان کے زیر اہتمام یوم احتجاج منایا گیا ۔ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، علامہ قاری محمد زوار بہادر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے حکمران بے حسی اور بے غیرتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا، پاکستان کے تمام شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے ، جبکہ سب سے بڑی ریلی اسلام پورہ سے سیکرٹریٹ چوک تک نکالی گی ۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ حافظ عبدالغفار روپڑی اور دیگر علما نے خطاب کیا ۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے زیر اہتمام اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی گئی ۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اورانجمن تاجران اچھرہ کے زیراہتمام جامع مسجد مولانااحمدعلی لاہوری اچھرہ سے اسرائل مردہ باد ریلی نکالی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں اظہار یکجہتی کیا گیا، لاہور پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے 24 گھنٹے کے اندر خلاف ورزی کی عالمی برادری نوٹس لے ، سجادہ نشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی اپیل پر ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالیں گئیں اور مظاہرے کئے گئے ، تحریک دعوت حق پاکستان نے دوران احتجاج اسرائیلی پروڈکٹس کو تلف کیا ۔ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایسن کے وکلا ئنے جی پی او چوک تک ریلی نکالی،ریلی کے شرکائنے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ،اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ بار کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی سربراہی لاہورہائی کورٹ بار کے صدر چودھری مقصود بٹر نے کی ،محمد مقصود بٹرنے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اسرائیل کی پرزور مذمت کرتی ہے ، یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر لاہورپولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے ۔کالعدم تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺاور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام یوم تحفظ بیت المقدس منایا گیا ، احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔ نگینہ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ درگاہ آستانہ عالیہ گڑھی شریف سے وابستگان نے سجادہ نشین خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی قیادت میں ملک بھر میں مظاہرے کیے ۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ریلی کی قیادت وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کی،مجلس وحدت مسلمین کے اعلان پر ملک بھر میں یوم یکجہتی مظلومین فلسطین منایا گیا اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ مظاہروں کی قیادت علامہ علامہ باقر عباس زیدی،علامہ صادق جعفری ،علامہ مبشرحسن ،علامہ علی نور جعفری،مولانا یاور عباس ،مولانا گلزار شاہدی، علامہ سفیر عباس ودیگر نے کی ۔سنی رابطہ کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام آبپارہ چوک تا سرینا چوک اسلام آباد تک نکلنے والی اسرائیل مردہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد احمد لدھیانوی، مفتی تنویر عالم،حافظ نصیر احمد ودیگر نے خطاب کیا ۔ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوش دل خان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احمد فاروق رانا کی قیادت میں ملک بھر سے آئے وکلا تنظیمو ں کے نما ئندو ں نے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا ۔ ر یلی سے خطاب کرتے ہوئے خوش دل خان نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین کے نہتے عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی لیکن فلسطین کے معصوم شہری خود کو تنہا نہ سمجھیں، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ سیکر ٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احمد فاروق رانا نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر حملے کر کے ان کی نسل کشی کر رہا ہے ہم اس اقدام کی شدید مذمت کر تے ہیں ۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں اراکین سندھ اسمبلی، مرکزی رہنماؤں سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔فیصل آباد ،سرگودھا ، ،ملتان سمیت دیگر شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی فلسطین پر پیغام میں کہا ہے کہ فلسطینیوں سے بہت ناانصافی ہورہی ہے ، فلسطینیوں پرنمازکے دوران حملہ کیاگیا، جب سے اسرائیل بناہے پاکستان کاایک ہی موقف رہاہے کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے ،پاکستان کا وہی موقف ہے جو قائد اعظم کا موقف تھا، پاکستانیوں کی فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مسرت ہوئی، پاکستانیوں کو فلسطین کیساتھ اظہاریکجہتی پرخراج تحسین پیش کرتاہوں، میں نے ترک صدر، سعودی فرما نروا اور مہاتیر محمد سے بات کی، شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کی آواز اٹھانے کا کہا، اسرائیلی بربریت سے درجنوں فلسطینی شہیدہوئے ، پاکستان نے ہرفورم پر فلسطینیوں کی حمایت کی، مغربی میڈیا نے اسرائیل پرتنقید کی جوخوش آئندہے ، لگ رہاہے دنیاکامسئلہ فلسطین پرموقف تبدیل ہورہاہے ، اسرائیل کاساتھ دینے والے ملک فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی بات کررہے ہیں،ماضی میں مغرب میں اسرائیل کو مظلوم تسلیم کیا جاتا تھا،خوشی ہے مغربی ممالک میں اسرائیل سے متعلق موقف تبدیل ہوا ،عوامی رائے سوشل میڈیا کی وجہ سے تبدیل ہوئی،مسلم ممالک کے سربراہان سے فلسطینیوں کی مدد کیلئے بات کی ہے ۔