روم (صباح نیوز)سلوینیا کے وزیر خارجہ میروسلائو سیرار نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کی انتقامی اور جارحانہ سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی طرف سے جو برتائو کیا جا رہا ہے اس پر عالمی برادری اور یورپی یونین کی خاموشی شرمناک ہے ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم میں فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی سے ملاقات کے موقع پر سلوینیا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے ، عالمی برادری کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی انتقامی اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی نئی قیادت فلسطینیوں کے ساتھ نا انصافی اور فلسطینی قوم کے بنیادی مطالبات کو نظرانداز کرنے کا کوئی اقدام قبول نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سلوینیا فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی قرار دیتا اور دو ریاستی فارمولے کے تحت مسئلہ فلسطین کے حل کی حمایت کرتا ہے ۔