کراچی (آن لائن ) میئر کراچی وسیم اختر نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو ان گائیڈڈ میزائل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایم کیو ایم کے ووٹوں سے وزیر اعظم بنے ہیں، اگر وفاقی وزراء کو لگام نہیں دیا گیا تو ہمیں بھی ساتھ رہنے کے بارے میں سوچنا پڑے گا، کراچی میں عبداﷲ شاہ غازی کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا مزار کے انتظامات اچھے ہیں، آئندہ سال انتظامات کو مزید بہتر بنائیں گے ۔فیصل واوڈا سے متعلق سوال پر وسیم اختر نے کہا کہ فیصل واوڈا ان گائیڈڈ میزائل ہے ، میرے پاس اْن کی بیوقوفی کا جواب نہیں ہے ، وزیراعظم انہیں کنٹرول کریں۔وسیم اختر نے کہا کراچی میں مکھیوں اور مچھروں کے خاتمے کے لیے فیومیگیشن کا سلسلہ شروع کریں گے ، ہمارے پاس تودوائی بھی موجود نہیں، وہ بھی کسی نے دی ہے ، خیال رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا وسیم اختر کرپٹ ہیں اور ان کی کرپشن کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہوں۔