لاہور،کراچی، پشاور (نامہ نگار خصوصی، صباح نیوز، این این آئی)پی ایس 73پر دوبارہ گنتی میں بھی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ناکام ہوگئی ہیں، پیپلزپارٹی امیدوار تاج محمد ملاح کے ووٹ مزید بڑھ گئے ہیں ۔سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 73پر پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار تاج محمد ملاح نے 281ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔جی ڈی اے امیدوار ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔ تاج محمد ملاح اور فہمیدہ مرزا کے درمیان جیت کا فرق 896ووٹوں تک پہنچ گیا۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کی فہمیدہ مرزا نے 37ہزار 364 جبکہ پیپلز پارٹی کے تاج محمد ملاح نے 37645 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے ۔دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ میں این اے 131 میں دوبارہ گنتی کے لئے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے دائر درخواست پر دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ جسٹس مامون الرشید شیخ نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر سماعت کی۔ خواجہ سعد رفیق بھی عدالت میں موجود رہے ۔ عمران خان کی جانب سے بابر عوان نے دلائل میں کہا کہ ریٹرننگ افسر نے ہمارا موقف سنے بغیر مسترد ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا، ریٹرننگ افسر کو تمام۔فریقین کا موقف سننے کے بعد گنتی کا حکم دینا چاہیے تھا، خواجہ سعد رفیق کی طرف سے اعظم نذیر تارڑ نے دلائل میں کہا کہ عمران خان اور خواجہ سعد رفیق کے ووٹوں میں چند سو ووٹوں کا فرق ہے ، حلقے کی صوبائی نشستوں پر بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی ہے اور وہاں ہمارے ووٹ بڑھے ہیں، میرے موکل کا دعوی ٰہے کہ ان کے 2800 ووٹ گنے ہی نہیں گئے ،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے ۔جسٹس مامون الرشید نے حلقہ پی پی 127سے مہر نواز کی دوبارہ گنتی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔علاوہ ازیں پشاورہائی کورٹ میں سابق وزیراعلی ٰپرویز خٹک کے حلقے کی دوبارہ گنتی کیلئے رٹ دائر کردی گئی۔رٹ اے این پی کے رہنما اور امیدوار پی کے 61 پرویز احمد خان نے دائر کی ہے ۔ رٹ میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پی کے 61 کی ری کاونٹنگ کی جائے ،رٹ میں الیکشن کمیشن ، ریٹرننگ آفیسر نوشہرہ اور دیگر پارٹیوں کو فریق بنایا گیا ہے ۔