لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستانی فنکاروں میں اپنے اپنے شہر کی خوشبو کو بہترین قرار دئیے جانیکا مقابلہ جاری ہے ۔اس بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب اداکار عمران عباس نے اپنے شہر اسلام آباد کی تعریف میں ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے اسلام آباد میں بارش کے بعد کے قدرتی حسین مناظر کے علاوہ وہاں کی خوشبو کی تعریف کی اور لکھا کہ یہ یونیک خوشبو صرف اسلام آباد میں پائی جاتی ہے ۔ویڈیو کے رد عمل میں اداکار احمد علی بٹ نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے جواب دیا کہ مجھے اسلام آباد میں صرف بورنگ سیاستدان اور بیورو کریٹس کی خوشبو ہی آتی ہے ۔اگر آپ خوشبو کی بات کر رہے ہیں تو لاہور کی خوشبو سے بہتر خوشبو کسی شہر کی نہیں ہے ۔ زندہ دلی،ایک الگ قسم کا جوش،ہلہ گلہ اور تازے کھانوں کی خوشبو سب لاہور شہر کی خاصیت ہے ۔یاسر حسین نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ احمد صاحب اگر آپ بھاٹی گیٹ کی خوشبو کی بات کر رہے ہیں تو واضح کر دیں کیونکہ میری نظر میں وہ خوشبو نہیں ہے ۔اداکاروں کی اس بحث میں نادیہ خان نے بھی حصہ لیا اور اپنے ویڈیو پیغام میں کوئٹہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے درخت،گھاس، پھولوں کی خوشبو، خصوصاً وہاں کے سیب، وہاں کی سردی کی تو بات ہی الگ ہے اور حقیت یہ بھی ہے کہ وہاں آبادی اور آلودگی دوسرے شہروں کی نسبت بہت کم ہے جس کی وجہ سے وہاں کی خوبصورتی اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔