اسلام آباد(خبر نگار،92 نیوزرپورٹ ،صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اِن کیمرہ رکھنے اور سماعت اوپن کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی کھلی یا بند کمرے سماعت سے متعلق کنفیوژن تھی، الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کرے گا۔ترجمان نے کہا سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اوپن نہیں ہوگی ، یہ کارروائی فریقین کی موجودگی میں جاری ہے ۔واضح رہے وزیر اعظم سمیت اپوزیشن جماعتوں نے سکروٹنی کمیٹی کارروائی اوپن رکھنے کی بات کی تھی۔ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے الیکشن کمیشن ذمہ داری سے کام کرتا تو فارن فنڈنگ کیس میں اتنی تاخیر نہ ہوتی اورنوبت یہاں تک نہ پہنچتی ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کا اختیار ہی نہیں ذمہ داری بھی ہے ،اگرپہلے دن سے الیکشن کمیشن اس کیس پر دھیان دیتا تو نوبت یہاں تک نہ آتی۔