لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ) احتساب عدالت لاہور کے جج وسیم اختر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 8 روز توسیع کر دی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امیر محمد خان نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کے شریک ملزم بلال شیخ کے تفتیشی افسرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیش کی رپورٹ طلب کر لی ۔احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے لیگی رہنماء ملزم قمرالسلام سمیت 20 ملزمان کے خلاف صاف پانی کرپشن کیس کی سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت نے ماڈل ہائوسنگ انکلیو سکینڈل کیس میں 2 ارب سے زائد کرپشن کے کیس میں ملزم فرہان چیمہ اور سلیم اشتیاق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت لاہور نے پاکستان ریلوے میں 55 کروڑ مالیت کے سگنل سسٹم میں کرپشن کے کیس میں پانچ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت نے 11 ارب روپے کے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن سکینڈل کیس میں 33 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔