لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں)احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز توسیع کرکے دوبارہ 2 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ تاریخ پر نیب تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکائونٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کے جو ڈیشل ریمانڈ میں گیارہ ستمبر تک توسیع کر دی ۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے سابق صدر آصف زرداری وغیرہ کے خلاف غیرقانونی الاٹمنٹ کے پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں شریک ملزم آفتاب میمن سے بھی انکوائری کیلئے نیب کو اجازت دے دی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمندنے جعلی اکاونٹس کیس میں غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس پر سماعت ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے پر ملتوی کردی۔گذشتہ روز16 میں سے صرف سات ملزمان عبدالغنی مجید،منظور قادر،وفاقی وزیر ڈاکٹرفہمیدہ مرزاکے صاحبزادے حسنین مرزا و دیگرپیش ہوئے جس پرعدالت نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے آئندہ سماعت تیرہ ستمبر پرتمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے طلبی کے سمن جاری کردیئے ۔احتساب عدالت لاہور کے جج نعیم ارشد نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کرپشن کیس میں پانچ ملزمان احسان الحق، محمد عمران، طیب وسیم، محمد آصف، خالد محمود کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔