اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری نے نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے طبی ٹیسٹوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔وفاقی وزیر فواد چودھری نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں لکھا کہ نواز شریف کی برطانیہ میں سامنے آنے والی تصاویر میں ان کی حالت اچھی نظر آرہی ہے ، نوازشریف برطانیہ میں اپنی ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کررہے ۔فواد چودھری نے کہا کہ اس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ برطانوی لیبارٹریز نے نواز شریف کی بیماری کی تصدیق نہیں کی، خدشہ ہے کہ پاکستان میں عدالتوں سے ریلیف لینے کیلئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس بنائی گئیں اور حقائق مسخ کر کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموارکی گئی ہے ۔ نواز شریف کے پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ رپورٹس کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم کو خط میں لکھا کہ اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ پاکستان میں کس نے ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیا، حقائق کا منظر عام پر آنا ضروری ہے ، وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں۔فواد چودھری نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کے ٹیسٹ رپورٹس کیلئے انکوائری کمیٹی کی جائے ۔