اسلام آباد،لاہور (لیڈی رپورٹر،نامہ نگار خصوصی ، آن لائن) پاک فوج کیخلاف تقریر پر جمعیت علمائاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف کارروائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ۔ شہری شاہجہاں خان خٹک کی جانب سے دائر درخواست میں مولانا فضل الرحمن ، وفاق بذریعہ وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ فضل الرحمٰن کی تقاریر اور سیاسی جماعت جے یو آئی (ف) پر پابندی عائد کرنے کیلئے حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ وزیراعظم آفس سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ابھی تک فضل الرحمٰن کی تقاریر پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی آج مولانا فضل الرحمٰن کا مارچ روکنے سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کرینگے ۔ درخواست میں ایڈووکیٹ ندیم سرور نے موقف اختیار کیا کہ آئینی گورنمنٹ کو 5 سال کی مدت پوری کئے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا،فضل الرحمٰن نے دھرنے کی حفاظت کے نام پر پرائیویٹ آرمی بھی بنا لی جو کہ غیر آئینی ہے ۔