لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ ر شید نے کہا ہے کہ اگر فوج ایک منتخب حکومت کیساتھ کھڑی ہے تو اس میں کیا حرج ہے ؟۔ ملک میں بڑے تماشے ہورہے ہیں، مارچ اپریل تک جھاڑو پھر جائیگا۔ جو لوگ سیاست کی پانچویں اننگز کھیل رہے ہیں ان کو کوئی نہیں پوچھے گا۔ساری تباہی تو ا پوزیشن والوں نے کی اورالزام عمران خان پر لگاتے ہیں۔چینل92نیوز کے پروگرام ’’92ایٹ 8 ‘‘میں میزبان سعدیہ افضال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو قبل از وقت انتخابات کا حق ہے ۔اگر ہم نے اگلے سال میں ڈیلیورکردیا تو سب کی سیاسی دکانیں بند ہوجائینگی۔ میں نے یہ نہیں کہا کہ آصف زرداری جیل جارہا ہے ، میں نے کہا اس نے پگڑی پہن لی ہے ۔زرداری جن لوگوں سے مل رہے ہیں ان کو ایسا لگا رہا ہے کہ ان کیخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اوریہ پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ کسی کو نہیں رہنے دینگے ۔ زرداری کو نظر آگیا ہے کہ اکائونٹس کی لڑیاں ملتی جارہی ہیں ۔نوازشریف بزنس مین ہیں انہیں دولت چھپانا آتی ہے ۔ بلاول بھٹو اورآصف زرداری کی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہونے والا ہے ۔ یہ لوگ اﷲ کی پکڑ میں آگئے ہیں ۔شہبازشریف کیلئے کہا گیا ہے کہ ان کو کھلی ہوا میں رکھا جائے ۔ حکومت ا پنے وعدے پورے کریگی۔چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں عمران خان کے اعتراضات کو کلیئر کردیا۔جن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں انہیں ہاضمے کی پھکی دینی چاہئے ۔ سوروز تو پلک جھپکتے ہی گزر گئے ،میں 30 دسمبر کو خودکو قوم کے سامنے رکھونگا ۔ 25دسمبر سے کراچی سے فریٹ چلانے جارہے ہیں، ریلوے کی آمدنی میں 10ارب کا اضافہ کرینگے ۔ اگر ایم ایل ون ہوگیا تو میری زندگی کا مشن مکمل ہوجائیگا۔ماضی میں کروڑوں کے ریل انجن خریدے گئے اوران کیلئے کوچز نہیں ہیں۔ لوگ ریلوے ٹریک پر والی بال اورکرکٹ کھیل رہے ہیں اس میں وزیر کاکیا قصورہے ۔ جن انجنوں کے پیچھے اعتزازا حسن اورقمر زمان کا ئرہ چل رہے ہیں ان میں کچرہ پھنس گیا ہے ۔ جنوبی پنجاب سے زیادہ اہم ایشوز عنقریب اٹھنے والے ہیں۔ نوازشریف اورآصف زرداری کے دس سالہ دور میں معیشت تباہ ہوگئی، اسد عمر بہت محنت کرتا ہے ۔میں نے سارے چینلز کو لائسنس جاری کئے جس کی وجہ سے ساری سیاست بلیک کیمرے میں آگئی۔ یقین ہے عمران خان بحران سے نکلیں گے ۔ ڈالر کی قدر میں اضافے اورروپے کی قدر میں کمی کے ذمہ دار نوازشریف اورآصف زرداری ہیں۔ پرویزالٰہی اورچودھری شجاعت حسین بھائیوں جیسے ہیں،کہیں نہیں جانے والے ۔ شہبازشریف کی بات پہلے مان لیتے تو نوازشریف مشکل میں نہ آتے ۔ میرے سابق دوست شہبازشریف این آراو کی بھرپور کوشش کررہے ہیں لیکن ملے گا نہیں۔اگر میں کارکردگی پر پورا نہیں اترتا تو مجھے اشارہ کردیں تو چلا جائونگا ۔