لاہور( سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کوبلاتاخیر توسیع دی جائے ،سیاستدان کرپشن اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی حمایت کریں ،70 ہزار بے گناہوں کی جانیں لینے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،کرپشن کے خاتمے کی جنگ ہو یا دہشتگردی کی پارلیمانی قیادت کی طرف سے تحفظات کا اظہار لمحہ فکریہ ہے ،وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور سے آئے عوامی تحریک کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے کو سیاست سے جوڑنا اور اسے اپنے لیے ریلیف کا ذریعہ بنانے کی سوچ حب الوطنی کے تقاضوں کے برخلاف ہے ۔ جب قومیں ہنگامی حالات سے دو چار ہوتی ہیں تو فوری اور خصوصی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، امریکہ جیسے جمہوری ملک میں بھی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی فوجی عدالتیں اور اڈے قائم کیے گئے ، دہشت گردعام عدالتی نظام اورپراسیکیوشن کی کمزوریوں کا جو فائدہ اٹھاتے ہیں فوجی عدالتوں میں توسیع کے فیصلے سے دہشتگردوں کو ملنے والی قانونی سہولتیں ختم ہو جائیں گیں۔