لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ناقص دودھ فروخت کرنیوالوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں ۔لاہور میں ناقص دودھ سپلائی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پھولنگر سے آنیوالی گاڑیوں کی ناکہ لگا کر چیک کیاگیا اور 1500 لٹر دودھ تلف کر دیا ۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کا کہنا تھا کہ ڈیری سیفٹی ٹیموں کی جانب سے 5000لٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی گاڑی نمبر8181 میں موجود دودھ کو معیار پر پورانہ اترنے پر موقع پر تلف کر دیا گیا۔جدید موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے چیکنگ کے دوران دودھ کے معیار میں کمی پائی گئی۔چیکنگ کے دوران ٹینکر میں موجود دودھ کی ایل آر اور فیٹ کم ہونے کی بناء پر تلف کیا گیا۔عام آدمی تک پہنچنے والے دودھ کی غذائیت کم کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا صوبہ بھرکی ڈیری سیفٹی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پردکانوں اور دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کرتی ہیں۔عوام کو ملاوٹ سے پاک خالص اور معیاری دودھ کی یقینی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ دریں اثنا ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ سیوریج کے پانی سے سبزیاں اگانے پر ضلعی انتظامیہ لاہور متحرک ہے اور کارروائیاں تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے ،ضلعی انتظامیہ لاہور نے ہڈیارہ ڈرین کے سیو ریج والے پانی سے سبزیاں آگانے پر سخت کارروائی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سیلم، پنجاب فوڈ اتھارٹی، محکمہ نہر اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔ہڈیارہ گاؤں میں 03 ایکڑ زمین پر لگی سبزیوں کو سیوریج کا پانی دیا جا رہا تھا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کو ٹریکٹر اور دیگر مشینری کی مدد سے موقع پر تلف کر دیا گیا ہے اورہڈیارہ ڈرین پر لگے 05 ٹیوب ویل کو پکڑ لیا گیا ہیں جبکہ ٹیوب ویلز کو مسمار بھی کروا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود اور خفیہ طور پر ملنے والی اطلاعات پر گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کو موقع پر تلف کروا رہے ہیں۔