اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے پمز کے پیرامیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ آرڈیننس ایف کے نفاذ کے خلاف درخواست پر سیکرٹری صحت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور چیئرمین میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کو جواب کیلئے جبکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کو بھی عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان وفاقی حکومت کی طرف سے عدالت کو مطمئن کریں، بدقسمتی سے یہاں آرڈیننس کے اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے ایڈووکیٹ حماد سعید ڈار کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پرپولیس سے دو ہفتے میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے میڈیکل کالجز کے داخلہ امتحانات میں بے قاعدگیاں کیخلاف درخواستیں پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے شکایات کے ازالے کے بعدنمٹا دیں۔ ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر سماعت ملتوی کردی۔