سان فرانسسکو(نیٹ نیوز ) فیس بک نے چینی صدر شی جن پنگ کے نام کی غلط ترجمانی پر معذرت کر لی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر سرکاری دورے پر میانمار پہنچے تو ملک کی سویلین حکمران آن سان سوچی کے آفیشل فیس بک پیج پر برمی زبان میں لکھا گیا چینی صدر کا نام از خود ٹرانسلیشن فیچر کے تحت انگریزی میں ‘ ایم آر ایس ہول‘ ہوگیا۔برمی زبان میں لکھی گئی پوسٹ کے انگریزی ترجمہ میں کہا گیا کہ ’ایم آر ایس ہول‘ چینی صدر دورے پر پہنچ چکے ہیں، یہ پوسٹ فیس بک پر کئی گھنٹے تک موجود رہی جس کا صارفین نے نوٹس دلایا۔عوامی توجہ دلانے پر فیس بک نے فوری ایکشن لیتے ہوئے غلطی کو ٹھیک کردیا۔ فیس بک نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ تکنیکی غلطی کے باعث چینی صدر کا نام انگریزی میں غلط لکھا گیا جس پر کمپنی معذرت خواہ ہے ۔بیان میں کہا گیا ایسا بالکل نہیں ہونا چاہیے تھا اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں کہ آئندہ ایسی غلطی نہ ہو۔