فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) اسلام نگر میں ساس کی نماز جنازہ کے دوران بہنوئی نے فائرنگ کر کے سالے کو قتل کردیا،جنازہ میں شریک افراد نے حملہ آور کو پکڑ کر بری طرح تشدد کانشانہ بنایا ، حملہ آور زخمی کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا ، حالات کی کشیدگی کے باعث پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر الائیڈ ہسپتال کی ایمرجنسی کی سکیورٹی خود سنبھال لی ۔ تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد گلی نمبر 6کے رہائشی برکت کے داماد بشارت کی اپنے سسرالیوں کے ساتھ چپقلش چل رہی تھی ، گزشتہ روز بشارت کی ساس رضائے الٰہی سے وفات پا گئی اور اسکی نمازہ جنازہ ادا کی جا رہی تھی کہ اسی دوران ملزم نے جنازہ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں اسکا برادر نسبتی شیخ شاہد شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جس کے بعد نمازجنازہ میں شریک مقتول کے ورثاء کی طرف سے ملزم کو قابو کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اسی دوران ملزم کے پاس موجود آلہ قتل چلنے کے نتیجہ میں وہ زخمی ہو گیا۔جس کو پولیس نے ہسپتال منتقل کیا جبکہ ہسپتال کی ایمر جنسی کے باہر دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہو گئی اور ایلیٹ فورس، اینٹی رائیٹ فورس کی ٹیموں کے ساتھ مختلف تھانہ جات کی نفری کو الائیڈ ہسپتال میں طلب کر لیا گیا۔