فیصل آ باد(خصوصی رپورٹر) فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کا دوسرا زخمی بھی دم توڑ گیا، ورثا نے شدید احتجاج کیا ، روڈ بلاک کردیا ، پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، چوکی علی ٹاؤن کے انچارج کی طرف سے کیا جا نے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا ، دونوں لڑکے شوارما کھا نے کے لئے گھر سے جا رہے تھے شراب کے نشہ میں دھت پولیس ملازمین کی بے رحم گولیوں کا نشانہ بن گئے ہیں ، ورثا نے پو لیس گردی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے شہریوں ، پو لیس ملازمین کو پیٹ ڈالا ، مظا ہرین نے ٹریفک پولیس کے کیبنوں کو بھی توڑ پھوڑ دیا ، جعلی پولیس مقابلہ میں دو طالب علموں کو قتل کر نے والا چوکی انچارج اور اسکے ساتھی ملازمین رو پوش ہو گئے ، گزشتہ روز چوکی انچارج علی ٹاؤن اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید کی طرف سے سنیئر پولیس آ فسیرز کو اطلاع دی گئی انہوں نے ماتحت ملازمین ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی ،کانسٹیبلوں فلک شیر اور پاکستان قومی رضا کار وقاص کے ہمراہ باغ والی پلی پر ناکہ لگایا ہواتھا کہ دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جنہوں نے موٹر سائیکل بھگا دی ، انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فا ئرنگ کی، دونوں زخمی ہوگئے ، مسلم ٹاؤن کے رہائشی پولیس کانسٹیبل منور کے بیٹے عثمان اور اسکے ساتھی ارسلان نے ہسپتال میں دم توڑ دیا، مقتول عثمان نے میٹرک کے امتحانات میں 960 جبکہ ارسلان نے 583 نمبر حاصل کئے تھے دونوں فر سٹ ائیر میں زیر تعلیم تھے ، لواحقین نے کہا ناکہ بندی پر موجود پولیس ملازمین نشہ میں تھے ، دو طا لب علموں کو قتل کر نے والے چوکی انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید اختر ،ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی ،کانسٹیبل فلک شیر،کانسٹیبل وقاص اور بر خاست شدہ قومی رضا کار فیصل کے خلاف دو طالب علموں کو قتل کر نے کے جرم میں مقدمہ درج کر لیا ہے ، دونوں طلبہ کو سپرد خاک کردیا گیا، نمازہ جنازہ میں نو منتخب رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد خان ، سابق رکن قومی اسمبلی افضل ساہی سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، ورثا نے ذمہ داروں کیخلاف دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا۔ دریں اثنا چوکی انچارج نے برخاست شدہ قومی رضا کار فیصل کی ناکہ پر موجودگی چھپانے کی کوشش کی ہے ، مزید برآں سٹی پولیس آ فیسرفیصل آباد نے تحقیقات کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ، نگران وزیر اعلی نے 48 گھنٹے میں وقوعہ کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔