فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) آبادی جھنڈا سنگھ میں باپ نے بھائیوں اور سابق یوسی چیئرمین کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر اپنی حاملہ بیٹی اور داماد کو قتل کر دیا۔ ملزمان تہرے قتل کے بعد گھروں کوتالے لگا کر فرار ہو گئے ۔ تھانہ بٹالہ کالونی میں مقتول حامد کے باپ محمد رمضان کی مدعیت میں آٹھ ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ،پولیس رپورٹ کے مطابق پیپلزکالونی نمبر دو کی آبادی جھنڈا سنگھ کے رہائشی رفاقت کی بیٹی فوزیہ اور امداد گارڈن کے رہائشی حامد نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ گزشتہ روز فوزیہ کے والد رفاقت، بھائیوں شوکت اور اشفاق،سابق یوسی چیئرمین عثمان منج و دیگر نے نوبیاہتا جوڑے کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے گھر لا کر حامد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ فوزیہ کو کپڑے سے منہ دبا کر مار ڈالا ۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ان کے بعض رشتے داروں کو حراست میں لے لیا ہے ۔