فیصل آ باد(خصوصی رپورٹر،وقائع نگار خصوصی) مریم نواز کی فیصل آ باد میں ریلی کیلئے مسلم لیگ ن نے ریلی کی اجازت کیلئے انتظامیہ کو باضابطہ درخواست دیدی ،ڈپٹی کمشنر سے ریلی کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے ،درخواست مسلم لیگ ن کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد کی طرف سے دی گئی۔مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی پر مشتمل انتظامی کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔ دریں اثنا مریم نواز کی فیصل آ باد آمد سے قبل مقامی رہنما اور کارکن آ پس میں گتھم گتھا ہوگئے ،سیاسی قابضین نے کھل کر ایک دوسرے کو آ ڑے ہا تھوں لیا ،پی پی111 کے ٹکٹ ہولڈر اسرار احمد منے خان اور سابق ایم پی اے حاجی خالد سعید میں ہو نے والی تلخ کلامی میں دونوں کے حمایتی کارکن ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے اور اس دوران تھپڑوں ،مکوں کا آزادانہ استعمال کیا جس پر مقامی رہنما خاموشی سے یہ منظر دیکھتے رہے اور بعد ازاں انہیں چھڑا دیا گیا ، اجلاس میں طے پایا کہ مریم نواز بذریعہ موٹر وے فیصل آ باد آ ئیں گی ،کمال پور انٹر چینج پر انکی قیادت میں آ نے والی ریلی کا استقبال ہو گا ، پنڈال تک مختلف راستوں میں ارکان اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈر اور مقامی رہنما مختلف چوک میں استقبالیہ کیمپ لگائیں گے جہاں وہ انکا استقبال کریں گے ۔