فیصل آباد/لاہور (خصوصی رپورٹر،سپیشل رپورٹر، کرائم رپورٹر،نمائندگان ) ساہیانوالہ انٹر چینج پر ڈرا ئیور کو اونگھ آ نے کے باعث تیز رفتار کیری ڈبہ مسافر ٹرک کے ساتھ ٹکرا گیا، ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والی تین خواتین دو کمسن بچوں سمیت 9 شہری جاں بحق ہو گئے ہیں، جاں بحق ہو نے والوں میں بہن بھائی اور والدہ بھی شامل ہیں، المناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی، جھمرہ کے نواحی علاقہ 136 ر ب پکھڑیوالی کا رہائشی سر فراز اپنے اہل خانہ کے ساتھ لاہور میں رشتہ دار کی نمازہ جنازہ میں شر کت کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ واپس آ رہا تھا کہ ساہیانوالہ انٹرچینج سے پانچ کلو میٹر قبل ڈرائیور کو اونگھ آ گئی اور کیری ڈبہ ٹرک کے عقبی حصہ سے ٹکرا گیا ، 60 سالہ رضیہ، اسکی تین سالہ بیٹی زینب، 40 سالہ ندیم، 50 سالہ اکرم، 6 سالہ عبدالمنان اور45 سالہ مریم نے موقعہ پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ سر فراز نے الائیڈ ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار دی، جس کی لاش کو قانونی کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دیا گیا، مستی گیٹ میں تیز رفتار ایل ٹی سی بس کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان رمیض موقع پر دم توڑ گیا۔ لوگوں نے ڈرائیو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ،نشتر کالونی میں ہی سڑک عبور کرتے ہوئے 45 سالہ نامعلوم خاتون تیز رفتار کار کی زد میں آکر موقع پر دم توڑ گئی جبکہ ڈرائیور فرار ہوگیا، پولیس نے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ، متوفیہ کی شناخت نہ ہو سکی۔ کینال روڈ ڈاکٹر ہسپتال انڈر پاس کے قریب مرغیاں سپلائی کرنے والی گاڑی پر بیٹھا شخص انڈر پاس سے گزرتے ہوئے حفاظتی راڈ سے ٹکرا کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ،اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیم نے لاش کو مر دہ خانے میں منتقل کر دیا۔