فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعظم عمران خاں کی خصوصی درخواست پر فیصل آباد میں جنرل بس سٹینڈ کے مقام پر مدینہ فاؤنڈیشن کی جانب سے بنائی جانیوالی پہلی پناہ گاہ بے سہارا افراد کیلئے کھول دی گئی ہے ، اس پناہ گاہ کا باقاعدہ افتتاح تو جنوری کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم کی فیصل آباد آمد کے موقع پر ان کے ہاتھوں سے متوقع ہے تاہم دو روز قبل وزیراعظم نے سرد موسم کے پیش نظر بے سہارا افراد کو سہارا مہیا کرنے کا جو اعلان کیا تھا اس کے بعد اس پناہ گاہ کو گزشتہ شب کھول دیا گیا۔ چیئرمین مدینہ فاؤنڈیشن میاں محمد حنیف،ڈویژنل کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی، آر پی او رفعت مختار راجہ اور ایس ایس پی آپریشن سید علی رضا اور دیگر افسروں نے پنا ہ گا ہ کا معائنہ کیا، پہلی رات 100 افراد کو یہاں ٹھہرایا گیا جوکہ پہلے اپنا گھر نہ ہونے کی وجہ سے د کانوں کے تھڑوں، گرین بیلٹس میں ٹھٹھرتی راتیں گزارتے تھے ،انہیں یہاں تین وقت کا کھانا ،گرم بستر مہیا کیے گئے ہیں۔کمشنر عشرت علی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر فوری عمل کیا گیا اور بے سہارا افراد کو انسانیت کے ناطے ایک اچھی سہولت مہیا کی گئی ہے ، مدینہ فاؤنڈیشن نے کروڑوں روپے خرچ کرکے قلیل وقت میں ایک شاندار عمارت تعمیر کر ائی ہے ، یہاں گرمی اور سردی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سہولیات دی گئی ہیں، ساڑھے تین سو افراد کے یہاں ٹھہرنے کی گنجائش ہے ، ٹوائلٹس،غسل خانے ، مسجد اور لائبریری بھی بنائی گئی ہے ، مدینہ فاؤنڈیشن ہی یہاں کے مکینوں کو بستر اور کھانا مہیا کر رہی ہے ، اس سلسلے میں حکومت، انتظامیہ اور یہاں کے مکین مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین میاں محمد حنیف کے خصوصی مشکور ہیں، آر پی او رفعت مختار راجہ نے بتایا کہ پناہ گاہ کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں یہاں ٹھہرنے والوں کو اپنی شناخت بھی مہیا کرنا ہوگی ۔