اسلام آباد (صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2روپے 6پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ۔نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمت میں اضافہ نومبر 2019سے جون 2020تک کیلئے کیا گیا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 20 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا،صارفین سے اگست اور ستمبر کے بلوں میں وصولیاں ہوں گی۔نیپرا نے بتایا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں 5 ماہ کے لئے اضافہ جبکہ 3ماہ کے لئے کمی ہوئی، اگست میں صارفین سے 1روپیہ 16پیسے فی یونٹ اضافی وصولی ہوگی جبکہ ستمبر میں صارفین 90پیسے فی یونٹ اضافی ادا کریں گے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق اپریل 2020 کے لیے 70 پیسے اورمئی کے لیے 1 روپے 25 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی، جب کہ جون کے لیے 1 روپے 5 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے ۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی اوراضافے کا اطلاق رواں ماہ بلوں پر ہوگا، 300 یونٹ والے صارفین بجلی قیمتوں میں کمی کے ریلیف سے محروم رہیں گے ۔