لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں نویں راؤنڈ کے تمام میچز ڈرا ہوگئے ۔ نیا ناظم آباد کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں بلوچستان اور ناردرن کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ بلوچستان نے دوسری اننگز میں 7وکٹوں پر 257 رنزبنائے تھے کہ میچ کا مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے سپنر رضا حسن نے میچ میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے دوسری اننگز 101 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے آخری دن بلوچستان نے بغیر کسی نقصان کے 5 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بائیں ہاتھ کے اسپنر رضا حسن کی عمدہ بولنگ کے باعث بلوچستان کے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 140 رنز پر بلوچستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ چھٹی وکٹ کیلئے شہباز خان اور داؤد خان میں 91 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ شہباز خان 69رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ داؤد خان نے ناقابل شکست 56 رنز بنائے ۔ قبل ازیں ناردرن نے بلوچستان کے 293 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں مقررہ اوورز میں 7وکٹوں پر 293 رنز بنائے تھے ۔ این بی پی سٹیڈیم کراچی میں سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ 56 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم مقررہ وقت میں 8وکٹوں پر 203 رنزہی بناسکی۔ میچ کا وقت ختم ہونے کے باعث سدرن پنجاب کی دوسری اننگز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا۔ میچ کے آخری دن سندھ نے بغیر کسی نقصان کے 12 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو 57 کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے ۔ مڈل آرڈر بلے باز رمیز راجہ جونیئر اور محمد سلیمان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ رمیز راجہ جونیئر 48 اور محمد سلیمان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے دانش عزیز نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ناقابل شکست 52 رنز اسکور کیے ۔سدرن پنجاب کے اسپنر علی عثمان نے میچ میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ادھر اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سینٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ موسم کے باعث مکمل نہ ہوسکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بے نتیجہ ثابت ہونے و الے میچ میں 96 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 60 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے 290 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 83 اوورز میں 4 وکٹوں پر 386 رنز بنائے تھے ۔اوپنر عبداللہ شفیق اور عتیق الرحمٰن نے سنچریاں سکور کیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 138 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عتیق الرحمٰن 129 اور عبداللہ شفیق 124 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ خیبرپختونخوا کے سپنر آصف آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے محسن خان اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 30 اور 26 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔