لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز سدرن پنجاب کے حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری(253) ، سندھ کے فواد عالم 90 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ بلوچستان کے خرم شہزادنے 27 رنز کے عوض 5 شکارکر لئے ۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت 507 رنز بنا کر سدرن پنجاب نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے ۔ ناردرن کی ٹیم تاحال اپنی دوسری اننگز میں 311 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ دوسرے روز میچ کے اختتام پر ناردرن نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنالیے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز فواد عالم کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز بنالیے ہیں جبکہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا دوسرا روز بلوچستان کے نام رہا۔ 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ میں مجموعی طور پر 229 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے اور اس کی ابھی 9 وکٹیں باقی ہیں۔کے پی کے کیخلاف بلوچستان کے خرم شہزاد نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔