لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ارشد خان کو ایک میچ کے لئے معطل کردیا گیا ہے ۔ وہ قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے نویں راؤنڈ میں شرکت نہیں کریں گے ۔نویں راؤنڈ کا میچ 25 سے 28 نومبر تک یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں بلوچستان اورناردرن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ارشد خان کو پی سی بی کے ضابطہ اخلاق برائے کھلاڑی اورسپورٹ سٹاف کے آرٹیکل2.21 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا گیا۔بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے میچ میں ارشد خان کو باؤنڈری لائن پرموجود امپائرز تک پہنچ کر نامناسب ریمارکس دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ آن فیلڈ امپائرز فاروق علی خان اورثاقب خان نے ارشد خان کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔میچ ریفری کامران چودھری نے بلوچستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ارشد خان کو ایک میچ کے لیے معطل کردیا۔