لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راؤنڈ کے پہلے روز بلوچستان کے سپنر محمد اصغر کے 5 شکار، ناردرن کے عمر امین اور علی سرفراز کی نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں سندھ کی پوزیشن مستحکم ہو گئی۔ سنٹرل پنجاب نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 216رنز بنالئے ۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب کے کامران اکمل 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ عثمان صلاح الدین 50 رنزبناکر کریز پر موجود ہیں۔ تابش خان نے 3 اور انور علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے خلاف 8 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنالیے ہیں۔ خیبرپختونخو ا کے اشفاق احمد 54 اور اسرار اﷲ 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ بلوچستان کی جانب سے سپنر محمد اصغر 90 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔دوسری جانب کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن نے سدرن پنجاب کیخلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 339رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کے ا وپنر عمرامین نے 90 رنز کی اننگز کھیلی۔ذیشان ملک 45 رنزبناکر آؤٹ ہوئے ۔ علی سرفراز نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔