سکردو(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مودی کل گجرات کے مسلمانوں کا قاتل تھا اور آج کشمیریوں کاقاتل ہے ، قاتل قاتل مودی قاتلہے ، تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طورپر یاد رکھے گی،گجرات کے قصائی کوکہتاہوں کہ کشمیرسے کرفیوہٹاکردیکھو،مودی سے کہتاہوں ایک بارکشمیرآکردکھائو،مودی تم لوگوں کے آزادی کے جذبے کوکم نہیں کرسکتے ،مودی مقبوضہ کشمیرمیں رائے شماری کرالوتمہیں پتہ چل جائیگا،مودی مسلمانوں کا قاتل ہے ، کشمیرکے معاملے پرحکومت نے کوشش کرنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دئیے ، پاکستان میں جمہوری حکومت ہی کشمیریوں کو ان کے حقوق دلا سکتی ہے ، یہ عمران خان کے بس کی بات نہیں۔ نئے پاکستان کا سلیکٹڈ بزدل ہے جو عورتوں سے ٹکراتاہے ، عمران خان اور ان کی کابینہ اس وقت سے ڈریں جب ظلم کرنے والوں کو اس کاحساب دینا ہوگا۔سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہر پاکستانی پریشان ہے کہ کہیں کشمیر کو فروخت تو نہیں کردیا، میں ان پہاڑوں اور یہاں کے عوام کو گواہ بنا کہتا ہوں کہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں کرنے دوں گا، ان لوگوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے ، کشمیر پر سودے بازی کی تو حکمرانوں کا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی،قائد اعظم نے کہاتھاکشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے ،بھٹو نے کہا تھا کشمیرکازکیلئے ہزار سال جنگ لڑنی پڑی تو لڑیں گے ۔عوام کے نمائندے اور سلکیٹڈ وزیراعظم میں فرق ہوتا ہے ، جمہوری حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرتی ہے لیکن یہاں تو سب کچھ الٹ ہو رہا ہے ،خارجہ پالیسی کو برباد کر دیا گیا، معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی،ڈالر160روپے کا کردیاگیا،اقتدار میں آنے سے پہلے جھوٹے وعدے کرنا آسان لیکن نبھانا مشکل ہے ، عمران خان نے وعدہ خلافی کی اور بیرونی قرضے لیے ، غریبوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا،کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا لیکن انتقام کے طور پر حزب اختلاف کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے ، نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی،ظلم کرنے والوں کو حساب دیناہوگا،یہ کیسااحتساب ہے کہ ساری اپوزیشن بغیر ثبوت جیل میں ہے ،30ارب کی پشاورمیٹرو100ارب کی ہوگئی کوئی پوچھنے والا نہیں،مالم جبہ کی کرپشن کی فائل چھپا دی جاتی ہے ، یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے ؟،مریم نواز کو 70سالہ باپ کے سامنے گرفتارکیاجاتاہے ،فریال تالپور کو عید کی رات ہسپتال سے جیل منتقل کیا جاتاہے ، یہ تو سیاسی انتقام ہے ،ہماری ثقافت ، ہمارا دین ہماری روایت ہے کہ ہم خواتین کی عزت کرتے ہیں،صرف بزدل ہی عورتوں سے جیل بھرتے ہیں، عمران خان اور کابینہ اس وقت سے ڈریں جب انہیں ظلم کا حساب دینا ہوگا، وہ قوتیں جو ہمارے وقت میں حب الوطنی کی بات کرتی تھیں آج خاموش ہیں،ووٹ سے آنے والی حکومت کو عوام کا احساس ہوتاہے ۔ بلاول بھٹو نے سکردو اور استور کے راستے میں دنیا کے بلند ترین 13 ہزار فٹ مقام دیوسائی پر مختصر قیام کیا اور بلاول ہاؤس کے میڈیا مانیٹرنگ اینڈ رسپانس سیل کے انچارج عثمان غازی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا،وہ جب دیوسائی میں بڑا پانی اور شیوسر جھیل کے مقامات پر پہنچے تو سیاحوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔