لاہور،کراچی، فیصل آباد (سپورٹس رپورٹرز،وقائع نگار خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے کے دوسرے راؤنڈ کا آغاز ہوگیا ۔اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں سینٹرل پنجاب کے کامران اکمل اور اظہر علی نے سنچریاں سکور کر دیں۔دوسری طرف بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں 11 سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ شروع ہوگئی ،سدرن پنجاب کیخلاف میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں پر347 رنز بنالئے ،عمران بٹ اور عمران فرحت کی عظیم گھمن کے ساتھ تھری فیگر شراکتیں قائم کیں۔تفصیلات کے مطابق 11 سال بعد کوئٹہ میں ہونے والے فرسٹ کلاس میچ کے پہلے دن بلے بازوں کا راج رہا۔ بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے عظیم گھمن اور عمران فرحت کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں پر347 رنز بنالئے ۔عمران فرحت 118 گیندوں پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ ان کی اننگز میں17 چوکے شامل تھے ۔ دن کے اختتام تک عظیم گھمن 14 چوکوں کی مدد سے 143 اور مقامی کھلاڑی بسم اللہ خان 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سدرن پنجاب کے بولرز نے میچ کے پہلے دن 84 اوورز میں 11 اضافی رنز دیئے ۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری چار روزہ میچ کے پہلے دن ناردرن کیخلاف سینٹرل پنجاب نے 5 وکٹوں پر 369 رنز بنالئے ۔ کامران اکمل نے 157 اور اظہرعلی نے ناقابل شکست 130رنز بنائے ۔ دن کے اختتام پر کامران اکمل 157 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔ دوسری جانب کپتان اظہر علی 110 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا پہلا روز میزبان ٹیم کے نام رہا۔ عمر بن یوسف کے 133 رنز کی بدولت سندھ نے دن کے اختتام تک 254 رنز بنائے او ر اسکے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ۔خیبرپختونخوا کی جانب سے عادل امین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔