لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے دفتر میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائداعظم اپیرل پارک اوربہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے ترقیاتی پلان پر تفصیلی غور کیا گیا۔صوبائی وزیر نے صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر 1500سے زائد ایکڑ رقبے پر قائداعظم اپیرل پارک بنایا جارہا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک ،سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹ کے آباد ہونے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ قائداعظم اپیرل پارک میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سنٹر بنے گا جہاں انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق لیبر کو تربیت ملے گی اور200ایکڑ رقبے پر لیبر کالونی بھی بنے گی۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے جامع پلان مرتب کرکے ایک ہفتے میں پیش کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز میں پلاٹوں کی نیلامی شفاف عمل کے ذریعے ہو گی۔ وہاڑی، رحیم یار خان اور بھلوال کی انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زونز ڈکلیئر کر دیا گیا ہے ۔