لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں تیسرے روزناردرن ٹیم فالو آن کا شکار ہو گئی،سدرن پنجاب کے 467 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنالئے جبکہ بلوچستان کی ٹیم نے امام الحق کے شاندار111 رنز کی بدولت تین وکٹوں پر 191رنز بنا ئے ۔ قذافی سٹیڈیم میں جاری میچ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے تیسرے روز کے اختتام تک5 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے ۔ عمر اکمل نے 118 گیندوں پر 89، اظہر علی نے 73،احمد شہزاد نے 63 رنز بنائے ۔ محمد سعد 41اور فہیم اشرف 30رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سدرن پنجاب کی جانب سے راحت علی نے 3 اور عامر یامین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سدرن پنجاب کے وکٹ کیپر عدنان اکمل ٹخنے پر گیندلگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے اور کاشف صدیق نے وکٹ کیپنگ کی۔ ایبٹ آبادمیں جاری میچ میں خیبرپختونخوا کے خلاف فالو آن کا شکار ہونے کے بعد ناردرن کرکٹ ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 105رنزبنالئے ۔انہیں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 159 رنز درکار ہیں۔ قبل ازیں خیبرپختونخوا کی جانب سے 526 رنز کے جواب میں ناردرن کرکٹ ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے انڈر 19 ٹیم کے کپتان حیدر علی کے 99 رنز بھی ناردرن کرکٹ ٹیم کو فالو آن سے نہ بچاسکے ۔