لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے پہلے راؤنڈ کے تینوں میچ ڈرا ہو گئے ۔ سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ میں سندھ کی ٹیم 175 رنز کے تعاقب میں اختتام تک 25 رنز ہی بناسکی اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ ہوا۔ اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ گلریز صدف نے ناقابل شکست 73 رنز بنائے ۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا میچ بھی ڈرا ہوگیا تاہم سدرن پنجاب کے مینٹور سپنر ذوالفقار بابر نے دوسری اننگز میں بھی 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ذوالفقار بابر نے مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں جاری ناردرن اور خیبرپختونخوا کے میچ کے آخری روز ناردرن کرکٹ ٹیم نے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے ۔ حسن رضا نے 75 جبکہ شہزاد اعظم 48 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ خیبرپختونخوا کے خالد عثمان اور ناردرن کی جانب سے رضا حسن نے میچ میں 7،7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔