لاہور(سٹاف رپورٹر) مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں اورمبلغین نے ملک بھر میں خطبات جمعۃ المبارک اور اپنے اپنے بیانات میں واشگاف الفاظ میں کہاہے کہ حکومت آئین کی اسلامی دفعات کے حوالے سے اپنے مؤقف کا کھل کراظہارکرے اورقادیانیوں کی ریشہ دوانیوں کو لگام ڈالی جائے ۔ مولانا محمد مغیرہ،قاری محمد یوسف احرار،میاں محمد اویس،مفتی عطاء الرحمن قریشی،قاری علی شیرقادری،مولانا تنویر الحسن احرار،حافظ طیب چنیوٹی،قاری محمد قاسم بلوچ، ڈاکٹر محمدضیاء الحق قمراوردیگر رہنماؤں نے کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس ہے اس میں ذرہ برابر شک بھی حالت کفروارتداد تک لے جاتاہے ۔رہنماؤں نے یہ بھی کہاکہ تحفظ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت ؐ جیسے قوانین اور امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد نہیں ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ سیکولر انتہاپسندی کو فروغ دیاجارہاہے اور روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اورکرپشن نے عوام الناس کا جینادوبھر کردیاہے ،تمام معاشی پالیسیاں امریکی ومغربی ایجنڈے اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے تابع بنائی جارہی ہیں جس سے ملک دیوالیہ ہورہاہے ۔