ملتان ( خبرنگار)پیر طریقت حضرت مولانا حامد علی خانؒ کے لخت جگر صاحبزادہ قاری احمد میاں خان نقشبندی کی نماز جنازہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، بعد ازاں انہیں اپنے والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ مرحوم کے بھائی صاحبزادہ قاری ناصر میاں خان نقشبندی نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں مخدوم جاوید ہاشمی، وفاقی پالیمانی سیکرٹری زین قریشی، صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی جاوید اختر انصاری، جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی، پیر سید علی حسین شاہ، نور حسین شاہ سمیت ملک بھر سے علمائو مشائخ، سیاسی، مذہبی، سماجی رہنمائوں، عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ آخری رسومات کے وقت بھی ہزاروں عقیدت مند موجود تھے ، نماز جنازہ کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، سٹیڈیم کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے تھے جہاں تلاشی کے بعد لوگوں کو اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔صاحبزادہ قاری احمد میاں نقشبندی کے ایصال ثواب کیلئے قر آن خوانی آج صبح 8بجے ادا کی جائے گی جبکہ دعا 10بجے ہوگی ۔