فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ کی رسم چہلم دربار عالیہ محدث اعظم پر ادا کر دی گئی، تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن، سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا سمیت ملک بھر سے جید علماء و مشائخ اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب کی صدارت سجادہ نشین صاحبزادہ قاضی محمد فیض رسول نے کی، رسم چہلم میں سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، مفتی منیب الرحمٰن، علامہ کوکب نورانی، صاحبزادہ حامد سعید، مولانا ریحان امجدی، صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا، ایم این اے فرخ حبیب، ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری، ایم پی اے شکیل شاہد، ایم پی اے میاں وارث، ایم پی اے میاں طاہر جمیل، عرفان شاہ مشہدی اور مفتی فاروق القادری سمیت علماء و مشائخ اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی، عقیدت مند اور مرین آپؒ کو یاد کرتے ہوئے افسردہ بھی نظر آئے اور آپؒ کی دینی و مذہبی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا، صوبائی وزیر سعید الحسن کا کہنا تھا کہ محدث اعظم مولانا سردار احمد نے اپنی ساری زندگی دین کیلئے وقف رکھی اور آپؒ کی خدمات بھی لازوال ہیں ، اسی طرح آپؒ کے صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ نے خدمات بھی روز روشن کی کی طرح عیاں ہیں، آپؒ کی علمی، ادبی، روحانی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے بھی پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی ہے ، مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مرکزی مسجد جامع رضویہ جھنگ بازار پاکستان اہلسنت کا مرکز رہا اور تاقیامت رہے گا، صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ نے 50 سال سے زائد علمی اور تبلیغی خدمات پیش کی ہیں جو کہ قابل قدر ہیں، محدث اعظم وہ شخصیت تھے جنہوں نے دین اور مسلک کے معاملے میں کسی مصلحت اور مفاہمت سے کام نہیں لیا بلکہ وہ انہوں نے ڈٹ کر دین اسلام اور مسلک اہلسنت کی حفاظت کی، آپؒ کے ہزار ہا شاگرد یورپ اور افریقہ سمیت دینا بھر میں دینی علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب محدث اعظم کی سوچ اور فکر کو اپنائیں، پیر عرفان شاہ مشہدی کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ ہمارے لئے روشنی کا مینار تھے اور رہیں گے ، آپ نے اپنی ساری زندگی دین اسلام کیلئے وقف رکھی اور آپکی خدمات کا احاطہ الفاظ میں ممکن نہیں، مفتی فاروق القادری کا کہنا تھا صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ آفاقی شخصیت تھے آپؒ کا دین اسلام کیلئے کام آفاقی اور عالمگیر تھا، آپ نے محدث اعظم یونیورسٹی بنائی، ڈگری کالج بنایا اور سینکڑوں سکول اور مدارس قائم کئے ، آپ کی خدمت قابل رشک اور بے مثال ہیں، سجادہ نشین دربار محدث اعظم صاحبزادہ قاضی محمد فیض کا کہنا تھا وہ صاحبزادہ قاضی محمد فضل رسول حیدر رضویؒ کا مشن جاری رکھیں گے ، جس طرح انہوں نے اپنی ساری زندگی دین اسلام کیلئے وقف کئے رکھی وہ بھی اسی مشن کی تکمیل کریں گے ، تقریب کے اختتام پر ختم پاک پڑھا گیا اور دعا کے بعد شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ رسم چہلم