اسلام آباد (صباح نیوز) مسئلہ کشمیر،مسئلہ فلسطین اور امت مسلمہ کو درپیش دیگر مسائل کا جائزہ لینے کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس 26 جون کو طلب کرلیا گیا۔ اجلاس میں فلسطین سے تعلق رکھنے والا القدس پارلیمانی وفد حکومتی دعوت پر شریک ہوگا ۔ وفد مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی تجاویز سے آگاہ کرے گا۔وفد کل25 جون کو چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا،وفد پارلیمنٹ کا دورہ بھی کرے گا جبکہ ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔ ادھر سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے پنجاب بھر میں محنت کشوں کیخلاف حکومتی اقدامات کا نوٹس لے لیا، کمیٹی کو موصولہ شکایات کے مطابق پنجاب میں اتفاق یونین کیخلاف حکومت کی طرف سے اقدامات کیے جارہے ہیں، فنکشنل کمیٹی نے وفاقی حکومت سے انسانی حقوق کے نئے عالمی کنونشن پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی مانگ لی ہے ۔ اس معاملے پر سیکرٹری خارجہ کو بریفنگ کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس 27جون کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کو پنجاب میں محنت کشوں کی مختلف یونینز بالخصوص اتفاق یونین سے وابستہ مزدوروں، محنت کشوں اور یونین عہدیداروں کی برطرفیوں کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں ، کمٹیی نے ان کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس میں سیکرٹری محنت و افرادی قوت پنجاب کو طلب کرلیا۔ کمیٹی نے وائس چانسلر جامعہ پنجاب کو بھی مدعو کرتے ہوئے جامعہ میں بلوچستان کے کوٹوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ کا کہا ہے ، اسی طرح آئی جی پولیس پنجاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارو ں سے راولپنڈی میں کوئٹہ ہوٹل اینڈ کیفیز پر چھاپوں اور تلاشی کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔