لاہور،اسلام آباد(وقائع نگار،کرائم رپورٹر،وقائع نگارخصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے قانون کے مطابق آ ئی جی پنجا ب پو لیس کو کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ اپنے حکم نامے میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں شہریوں کے علاج و معالجہ میں رکاوٹیں ڈالنا مجرمانہ اقدام ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا ہنگامی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ کو پی آئی سی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی اورتوڑ پھوڑ کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی رٹ کوہرصورت بحال رکھا جائے گا۔پی آئی سی میں وکلاء کی ہنگامہ آرائی اورتوڑپھوڑ بلاجواز اورغیر قانونی عمل ہے ۔جن وکلا نے قانون ہاتھ میں لیا ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں،پیرا میڈیکل سٹاف، مریضوں اوران کے لواحقین کے ساتھ ایسا ناروا سلوک کسی صورت قابل برداشت نہیں۔پنجاب حکومت کی ہمدردیاں جاں بحق مریضوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان پر تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی سروسز کو فوری طورپر بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو پہنچنے والے نقصانات کو بلاتاخیردرست کیا جائے کیونکہ ہماری سب سے پہلی ترجیح مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کی بحالی ہے ، ہسپتال میں علاج معالجے کی سروسز کو ڈسٹرب نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گااورپنجاب حکومت اس ضمن میں نقصانات کا جائزہ لیکر معاوضہ دے گی۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھارتی لوک سبھاکی جانب سے شہریت کے متنازعہ بل کی منظوری کے اقدام کی شدید مذمت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالے قانون کی منظوری سے نام نہاد جمہوریت کی دعویدار مودی سرکار کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہو گیا اور جمہوریت کے لبادے میں چھپے ہوئے فاشسٹ ہندو کے گھناؤنے عزائم عیاں ہو گئے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے سینئر صحافی و سابق منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے پنجاب میں موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے عوامی فلاح وبہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس شعبے کو حکومتی سرپرستی کے ذریعے فروغ دیا جاسکتا ہے ۔