لاہور(وقا ئع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر(ر) اعجاز شاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے صوبائی و زراء اورسیکرٹریز کے غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد کردی ۔پابندی کا اطلاق فی الفور ہوگااوریہ پابندی تا حکم ثانی جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے پابندی کفایت شعاری پالیسی کے تحت عائد کی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ میں بچوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔دریں اثنا انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال حافظ آباد میں نو مولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خان بچوں کے گاؤں گئیں،بچوں اوران کے والدین سے ملاقات کی اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔