پشاور (ممتاز بنگش)الیکشن کمیشن تمام تر تیاریوں کے باوجود 16قبائلی اضلاع میں پولنگ سٹیشنوں سے ریٹرننگ افسران اور الیکشن کمیشن تک نتائج ارسا ل کر نے کا انتظام نہیں کر سکا جسکی وجہ سے نتائج میں انتہائی تاخیر ہو گی جبکہ بعض حلقوں کے نتائج اگلے روز تک لٹکے رہیں گے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے قبائلی اضلاع کے انتخابات میں آر ٹی ایس کا کوئی انتظام نہیں کیا جا سکا ۔ وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود ان اضلاع میں فور جی کی سہولت شروع نہ ہونے سے بھی مشکلات درپیش رہیں گی، 2 اضلاع اورکزئی و جنوبی وزیرستان کے ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن کی سرگرمیوں کو دوسرے اضلاع سے کنٹرول کریں گے ،یہاں کے امیدوار کا غذات نامزدگی بھی ہنگو اور ٹانک میں جمع کرا ئیں گے ، الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے دفاتر دوسرے اضلاع میں ہیں اس لئے وہاں دفاتر قائم کرنا ممکن نہیں ۔دوسری جانب قبائلی اضلاع میں انتخابات کے لئے شیڈول جاری ہونے کے بعد متعلقہ حلقوں کے ریٹرننگ افسران نے منگل کے روز پبلک نوٹس جاری کر دیئے ، کاغذات نامزدگی جمعرات سے وصول کئے جائیں گے ۔