پشاور، اسلام آباد(خبر نویس، وقائع نگار خصوصی)ضم شدہ اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے 16 حلقوں پرانتخابات آج ہو رہے ہیں،ضلع باجوڑ اور ضلع خیبر میں صوبائی اسمبلی کے تین تین حلقوں ،ضلع مومند،ضلع کرم ، ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع جنوبی وزیرستان میں دو دو حلقوں ،اورکزئی اور ایف آر پشاور کے ایک ایک حلقے میں پولنگ ہورہی ہے ۔ان علاقوں میں 554 پولنگ سٹیشنوں کو حساس ترین، 882 کو حساس اور461 پولنگ سٹیشنوں کو نارمل قرار دیا گیا ہے ،سکیورٹی کیلئے پولیس ، خاصہ دار فورس اور لیویز کے علاوہ پاک فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں ، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 28 لاکھ ایک ہزار 837 ہے ، مرد ووٹروں کی تعداد 16 لاکھ 71 ہزار 308 اور خواتین ووٹروں کی تعداد کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار529 ہے ، قبائلی اضلاع میں 1896پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ،ضلع خیبر اور ضلع کرم میں دو خواتین بھی الیکشن لڑ رہی ہیں۔ خواتین کے لئے مخصوص 5نشستوں کے لئے 8 امیدوارنامزد کئے گئے ہیں۔ اقلیتوں کی ایک نشست کے لئے 3 امیدوارنامزد کئے گئے ہیں ۔ خواتین کے لئے چار اور اقلیتوں کے لئے ایک نشست مختص ہے ۔