پشاور(آن لائن) قبائلی علاقوں میں قائم 3 کالجز سمیت 600 سے زائد تعلیمی اداروں میں گزشتہ 10 برس سے تدریسی سرگرمیاں معطل ہیں، سکیورٹی خدشات اور مقامی افراد کی نقل مکانی کے باعث کئی سو ادارے غیر فعال ہیں، اعداد و شمار کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے محسود اور اورکزئی میں بدترین صورتحال رہی جہاں 500 سرکاری سکول اور کالج میں تالے لگے ہوئے ہیں، قبائلی اضلاع میں تدریسی اداروں کے نگراں ادارے ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن نے غیر سرکاری معاون اداروں کی مدد سے متعلقہ ایجنسیوں میں بچوں کے لیے ٹینٹ لگا کر تدریس شروع کردی ہے ۔یونیسف اور دیگر رفائی اداروں نے طالبعلموں کے لیے بنیادی ضرورت کی اشیا فراہم کی۔ڈائریکٹریٹ حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں 2 کالج کو دوبارہ کھول دیا گیا جو جون 2014 میں ضرب عضب آرمی آپریشن کے بعد بند ہو گئے تھے ۔ دستاویزات کے مطابق جنوبی وزیرستان ضلع میں 747 سکولوں میں سے 486 غیر فعال ہیں جس میں 190 لڑکیوں کے سکول بھی شامل ہیں، اسی علاقے میں 282 پرائمری اسکول اور 2 ڈگری کالج بھی میں تدریسی سرگرمیاں معطل ہیں۔حکام کے مطابق غیر فعال تعلیمی اداروں کے ہزاروں اساتذہ جنوبی وزیرستان سے کراچی منتقل ہو گئے یا پھر خلیج ریاستی ممالک جا چکے ہیں تاہم وہ تمام تنخواہیں وصول کررہے ہیں ، جنوبی وزیرستان کے 2 ڈگری کالج برائے بوائز 2009 سے غیر فعال رہے تاہم متاثرہ طالبعلموں کو ضلع ٹانک کے قریب زیم پبلک سکول کی بلڈنگ میں منتقل کردیا گیا۔