وزیر اعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کئے جانے پر معاملے کا نوٹس لیا اور اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم کے حکم پر زرتاج گل نے وزارت داخلہ کو لکھا گیا خط واپس لے لیا۔ وزیر اعظم نے وزیر مملکت زرتاج گل کی اپنی بہن کے حوالے سے سفارش کا نوٹس لے کر اچھی مثال قائم کی ہے۔ اگرچہ وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ خط کا مقصد محض اپنی بہن کی سی وی کی نشاندہی کرنا تھا تاہم ہونا یہی چاہیے کہ وزراء اور دوسرے پارٹی عہدیدار اپنے عہدوں کاغلط اور اختیارات کا ناجائزاستعمال نہ کریں،اداروں کو اپنا کام آزادی کے ساتھ کرنے دیں اور ان کے معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔ وزیر اعظم نے معاملے کا فوری نوٹس لے کر احسن اقدام کیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کا تو دعویٰ ہی یہ رہا ہے کہ ملک سے اقربا پروری کے کلچر کا خاتمہ کرکے میرٹ کو فروغ دیا جائے گا۔ اقربا پروری گزشتہ 70سال سے ایک لعنت کی طرح ہمارے قومی کلچر کا حصہ بن چکی ہے اور جس کا زور چلتا ہے وہ میرٹ کی دھجیاں اڑاتا ہے جس کے نتیجہ میں باصلاحیت اور حق دار امیدواروں کی حق تلفی ہوتی ہے۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ حکومت میرٹ کے اصول پر سختی سے کاربند رہے، متعلقہ آسامیوں پر صرف میرٹ کی بنیاد پرتعیناتی کی جائے تاکہ اقربا پروری کلچر کی حوصلہ شکنی ہو اور ملک میں میرٹ کی بالادستی کو فروغ دیا جا سکے۔