نئی دہلی(آن لائن) بھارتی کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ اب بھی جیت رہے ہیں ۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق شہریت ترمیمی ایکٹ پر متنازعہ ریمارکس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ محمد علی جناح جیت گئے بلکہ وہ اب بھی جیت رہے ہیں ۔ اگر بھارت کاشہریت ترمیمی ایکٹ این بی آر اور این آر سی کو لیڈ کرے گا تو یہ محمد علی جناح کے دو قومی نظریہ کے خطوط پر مبنی استوار ہو گا اور اگر ایسا ہوا تو آپ یہ کہہ سکیں گے کہ جناح کا نظریہ مکمل ہو گیا ۔بھارتی شہریت قانون کے لاگو ہونے سے جناح کے نظریہ کو تقویت ملے گی کہ مسلمان ایک علیحدہ ملک کے مستحق ہیں کیونکہ ہندو مسلمانوں کے حق میں نہیں ہو سکتے ۔