اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے قوم کو آزادی کے 73 سال مکمل ہونے پرتین مبارک بادیں پیش اور 4خوشخبریاں سناتے ہوئے کہاہے کہ پاور کمپنیوں سے نیا معاہدہ ہو گیا ، اب صنعتوں اور عوام کو سستی بجلی ملے گی،قائد اعظم کے پاکستان کی جانب ہمارا سفر شروع ہو چکا ہے ، بھارت کے غیر قانونی قبضے اور اقدامات کیخلاف کشمیر ی بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹس اور پاکستان ٹیلیویژن پرقوم کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا، معیشت کی صورتحال بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے اور کورونا کے کیسز بھی کم ہو گئے ہیں، سٹاک مارکیٹ ریکارڈ اوپر گئی ہے ، تعمیرات اور اس سے وابستہ صنعتوں کو تاریخی پیکج دیا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہو گئے اور ٹیکس وصولی بھی بہتر ہوئی، انشائاللہ حالات مزید بہتر ہو تے جائیں گے ۔ پاور کمپنیوں سے طویل مذاکرات کے بعد معاہدہ ہو گیا ہے ، اب صنعتوں اور عوام کو سستی بجلی ملے گی ۔ہمارا اگلا ہدف بجلی کے ترسیلی نظام میں اصلاحات لانا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس سفر کی جانب گامزن ہیں اور جدوجہد کے ذریعے منزل پر پہنچ کر دم لیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا میں آج قوم کو کورونا وائرس کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کی ہے شاید ہی کسی قوم میں اس طرح کی مثال مل سکے ۔ ہمیں خدشہ تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ایک طرف لوگ بیماری سے ہلاک ہوں گے اور دوسری جانب معیشت تباہ حال ہونے کے باعث بھوک سے مریں گے لیکن اللہ تعالیٰ کا خاص شکر اور کرم ہے کہ کورونا کیسز میں بھی کمی آئی ہے اور معیشت بھی بہتری کی جانب گامزن ہو گئی ہے ۔ وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاط کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور چہرے پر ماسک کا استعمال کریں کیونکہ اس وبا سے بچنے کے لئے یہ سب سے ضروری ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ میں قوم کی تیسری مبارک باد معیشت کی صورتحال بہتر ہونے پر دینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال بہت مشکل میں گزرے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم ڈیفالٹ سے محفوظ ہو کر بہت بری مہنگائی سے بچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ عوام کے لئے ابھی بھی مشکل حالات لیکن صورتحال اب بہتر ہو رہی ہے ۔ سٹاک مارکیٹ ریکارڈ اوپر گئی ہے ۔ لوگوں کا اعتماد بڑھنا شروع ہو گیا ہے ۔ ہماری حکومت نے تعمیراتی شعبے کو وہ مراعات دی ہیں جو پہلے کبھی کسی نے نہیں دیں جس سے صنعتوں کی ترقی ہو رہی ہے اور روزگار ملنا شروع ہو گیا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں متحد ہوکر ساتھ کھڑی ہے ، بھارت کے غیر قانونی قبضے اور اقدامات کیخلاف کشمیر ی بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ انہوں نے دھرنے کے دوران نوجوان کو جو پیغام دیا تھا وہ ان کے لئے آج بھی ایک انمول سبق ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے شاعر مشرق علامہ محمداقبال کاشعبہ سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت ، شجاعت کا۔ لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا شیئر کیا اور اس کے ساتھ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ علامہ اقبال کے اس پیغام کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔