لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے روز سدرن پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے ہرادیا، زاہد محمود کے 10 شکار، بلوچستان اور کے پی کے درمیان میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، سندھ کے فواد عالم کی سنٹرل پنجاب کے خلاف شاندارسنچری، سنٹرل پنجاب کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ دوسری اننگز میں بھی ناکام ہو گئی ۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے ہرادیا ہے ۔سپنر زاہد محمود نے 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان اور کے پی کے درمیان میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ کے پی کو جیت کے لیے میچ کے آخری روزمزید 280 رنز جبکہ بلوچستان کو6 وکٹیں درکار ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے تیسرے روز فواد عالم کی سنچری کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے خلاف 32 رنز کی سبقت حاصل کی تاہم دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنانے والی سنٹرل پنجاب کو دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 88 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے ۔