اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں جن سے استفادہ کی ضرورت ہے ، دنیاکی قدیم تہذیبوں کے آثار یہاں موجود ہیں جن کے ذریعے مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہمان نوازی کے حوالے سے انتظامی تعلیمی پروگرام سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکا اہتمام آغا خان ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھتا ہے جہاں خوبصورت وادیوں، پہاڑوں اور دلکش مناظر کے علاوہ دنیا کی قدیم تہذیبوں کے آثار موجود ہیں۔ مہر گڑھ کی ہزار سالہ پرانی تہذیب ،گندھارا تہذیب اوربدھ مت کے مذہبی مقامات کے علاوہ سندھ سولائزیشن بھی موجود ہیں جسکے ذریعے ہم سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدھ مت مذہب کی قدیم تہذیب کے پاکستان میں موجود آثار دنیا بھرسے زیادہ ہیں اور بدھ مت مذہب اور بدھ بھکشوئوں کی تاریخ پاکستان، کوریا اور چین تک پھیلی ہوئی ہے ۔ حال ہی میں پاکستان کرتارپور راہداری کھولنے کا اقدام کیا جس سے سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ان مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی افرادی قوت کو تربیت دینا ہو گی۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان میں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں، سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اور افراد ی قوت کو تربیت دیناناگزیر ہے ، پاکستان کو سیاحت کے شعبے کیلئے ایک لاکھ تربیت یافتہ افراد کی ضرورت ہے جس کیلئے نیوٹیک اور ٹیوٹا جیسے اداروں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔