کراچی،لاہور،ملتان(سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر، ایجنسیاں)ناروے میں قرآن پاک کی بیجرمتی کے واقعہ کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے کئے گئے سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ لاہور،حیدرآباد،صوابی ،ملتان،جیکب آباد،ڈیرہ اسماعیل اور دیگر شہروں میں ناروے کیخلاف ریلیاں نکالی گئیں ،علما،وکلا،تاجروں نے بھی احتجاج کیا ،آن لائن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے وکلاء کی کثیر تعداد نے جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا،وکلا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ناروے حکومت کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ،لاہور میں پاکستان ریلویز پریم یونین کے زیر اہتمام ریلوے ہیڈکواٹر میں احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی،گستاخ کا پتلا نذرآتش کیا گیا ۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم ایم اے کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید کی مذمتی قرارداد جسے ایوان کی تمام پارلیمانی جماعتوں کی حمایت سے مشترکہ قرارداد کی شکل دیدی گئی تھی متفقہ طور پر منظور کر لی،قرارداد میں کہا گیا کہ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی مسلمانوں کی دل آزاری اورمذہبی رواداری کیخلاف گہری سازش ہے ۔حیدر آباد سے بیورورپور ٹ کے مطابق وکلا نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق انجمن تاجران دہلی گیٹ کے زیراہتمام ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔این این آئی کے مطابق صوابی میں متحدہ اپوزیشن کے زیر اہتمام ضلعی امیر جے یو آئی مولانا فضل علی حقانی کی قیادت میں بڑی ریلی نکالی گئی ،ڈیرہ اسماعیل خان میں تجارت گنج مسجد سے تاجروں نے احتجاجی جلوس نکالا،مظاہرین نے کہا حرمت قران پر مر مٹنے کو تیار ہیں۔