لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت گیلانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جیسی نیشنل ایمرجنسی سے نبرد آزما ہونے کیلئے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ لاک ڈائون کے دوران اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنا نا انتظا میہ اور پولیس افسران کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں دن رات ایک کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لیہ میں لاک ڈائون کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کے دوران کیا۔ضلعی انتظامیہ پرائیویٹ ہسپتالوں ا ور ہوٹلوں کی ا نتظامیہ سے رابطہ کر کے انکی میپنگ کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی صورت میں ان عمارات کو استعمال کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں تمام سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کو موثر بنانے کیلئے پولیس، رینجرز اور فوجی جوانوں کے مشترکہ ناکے لگائے جائیں ۔ اجلاس میں صوبے میں اشیاء خورونوش کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔