اسلام آباد( خبر نگار خصوصی ، این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قرضوں سے آزاد ہوگئے تو ملکی ترقی کا سفر کوئی نہیں روک سکے گا،انکوائری کمیشن کو مکمل اختیارات دئیے جائیں گے ، فیکٹ فائنڈنگ کے بعدقوم کے مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے ملاات کی جس میں انکوائری کمیشن کی تشکیل سے متعلق آئینی وقانونی امور پرمشاورت کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں احتساب کاعمل مزید موثر بنا رہے ہیں، انکوائری کمیشن کو مکمل اختیارات دئیے جائیں گے ، فیکٹ فائنڈنگ کے بعدقوم کے مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا معاشی استحکام پہلی اورآخری ترجیح ہے ، ملک کو قرض کی دلدل میں دھکیلنے والوں سے تحقیقات قومی تقاضا ہے ، انکوائری کمیشن اپنی طرز کا پہلا بامقصد کمیشن ہوگا۔اس موقع پر بابر اعوان نے کہا انکوائری کمیشن کے تشکیل کے فیصلے کوعوامی سطح پربے حد پذیرائی ملی، عوام کو بتانا ہوگا کہ ان کے نام پرلیا گیا اربوں ڈالرکا قرض کہاں گیا؟ قرض کھانے والے منی لانڈرنگ کرتے رہے قوم غریب ہوتی گئی، قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں کا احتساب ناگزیر ہے ۔ احتساب کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنا ہوگا۔احتساب ادارے کرتے ہیں،اصلاحات کرناحکومت کاکام ہے ۔وزیر اعظم نے کہا حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔قبل ازیں وزیراعظم نے پاک بھارت کرکٹ میچ کے حوالے سے ٹیم کپتان سرفراز احمد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ذہن سے ہار کا خوف نکال کربے باک کھیل کا مظاہرہ کریں۔ ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔ ہم خوش قسمت ہیں سرفراز احمدکی صورت میں ہمیں ایک بے باک کپتان ملا ہے ۔ریلوکٹے دباؤ میں کارکردگی نہیں دکھا سکتے ۔ سنیل گواسکر سے متفق ہوں کامیابی کا تناسب60 فیصد دماغ اور40 فیصد ٹیلنٹ پر ہے ۔ جب کرکٹ چھوڑی تب اندازہ ہوا کہ کامیابی کا تناسب50 فیصد ٹیلنٹ اور50 فیصد دماغ پر ہے ۔ تاہم جب کر کٹ کھیلی اس وقت خیال تھا کامیابی کا انحصار 70فیصد ٹیلنٹ اور 30فیصددماغ پر ہوتا ہے ۔